اے ڈی بی کی پاکستان کو پنشن اصلاحات کے لیے 500 ملین ڈالر قرض کی منظوری

منیلا میں ایشیائی ترقیاتی بینک کا ہیڈکوارٹر — بینک نے پاکستان کی وفاقی پنشن اصلاحات کے لیے 500 ملین ڈالر قرض کی منظوری دی ہے۔ (تصویر: ویکیمیڈیا کامنز)
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام کی اصلاحات کے لیے 500 ملین ڈالر کے نتائج سے جڑے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ بینک کا کہنا ہے کہ اس سے پنشن پر بڑھتا ہوا مالی بوجھ قابو میں آئے گا، نظام زیادہ پائیدار ہوگا اور ترقیاتی و سماجی اخراجات کے لیے مالی گنجائش پیدا ہوگی۔
منیلا میں قائم بینک نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے وفاقی پنشن اخراجات مالی سال 2016 کے بعد سے تقریباً پانچ گنا بڑھ کر سالانہ ایک کھرب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں۔ موجودہ نظام پرانے طرز کا ہے — نہ اس میں ملازمین حصہ ڈالتے ہیں اور نہ اس کے لیے کوئی فنڈ موجود ہے؛ پنشن کی ادائیگیاں ہر سال بجٹ سے کی جاتی ہیں، جس سے سرکاری خزانے پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
جولائی 2024 سے بھرتی ملازمین نئی اسکیم میں شامل
قرض حکومت کے پنشن اصلاحات کے عملی منصوبے کے پہلے مرحلے کی حمایت کرے گا، جس کا اہم حصہ شراکتی پنشن اسکیم کی طرف منتقلی ہے۔ جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی سول ملازمین کے لیے اس نئی اسکیم میں شامل ہونا لازمی ہے، جس میں ملازم اور حکومت دونوں پنشن فنڈ میں حصہ ڈالیں گے۔
اسکیم کو چلانے کے لیے حکومت نے اگست میں 16 پنشن فنڈ مینیجرز کے ساتھ معاہدے کیے تھے۔ بینک کے مطابق پروگرام یکم نومبر 2026 سے یکم نومبر 2029 تک جاری رہے گا اور رقم کی اجرائی اصلاحات کے طے شدہ اہداف کی تکمیل سے جڑی ہوگی۔
ایک کھرب روپے کا بوجھ، اصلاحات کیوں ضروری ہیں
پاکستان میں پنشن کا بل برسوں سے بجٹ کا ایک بڑا حصہ کھا رہا ہے۔ پرانے نظام میں ریٹائرڈ ملازمین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، جبکہ اس کی ادائیگی کے لیے کوئی جمع شدہ فنڈ نہیں — ہر سال کی پنشن اسی سال کے بجٹ سے ادا ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اصلاحات کو مالی استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔
اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ پاکستان نے اپنے وفاقی پنشن نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، اور بینک کی معاونت سے یہ اصلاحات ادارہ جاتی شکل اختیار کریں گی اور دیرپا نتائج دیں گی۔
ایک ہفتے میں اے ڈی بی کی دوسری بڑی منظوری
یہ منظوری بینک کی جانب سے 11 نومبر کو منظور کیے گئے 500 ملین ڈالر کے ہنگامی آفات مالی معاونت کے پیکج کے بعد آئی ہے۔ اس طرح دونوں اقدامات کے تحت بینک کی پاکستان کے لیے منظور شدہ معاونت ایک ارب ڈالر ہو گئی ہے۔



