واہگہ بارڈر پر بالی وڈ ستاروں کی فلم تشہیر کے دوران پاکستانی جانب سے عاطف اسلم کا «تاجدارِ حرم» گونج اٹھا، تقریب کی آوازیں دب گئیں

واہگہ: بالی وڈ اداکار آیوشمان کھرانا اور سارا علی خان منگل کو اپنی نئی فلم «اڈتا تیر» کی تشہیر کے لیے واہگہ اٹاری بارڈر پہنچے تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ سرحد کے اس پار سے آنے والی آواز ان کی تقریب پر بھاری پڑ جائے گی۔
دونوں اداکار بھارتی سکیورٹی اہلکاروں اور مداحوں سے خطاب کر رہے تھے، ان کے عین پیچھے پاکستان کا بابِ آزادی اور سبز ہلالی پرچم دکھائی دے رہا تھا۔ اسی دوران پاکستانی جانب سے کوک اسٹوڈیو کا شہرہ آفاق کلام «تاجدارِ حرم» عاطف اسلم کی آواز میں پوری قوت سے گونج اٹھا اور خطاب کی آوازیں اس میں دب کر رہ گئیں۔
آیوشمان کھرانا جذباتی لہجے میں کہتے رہے کہ جب بھی وہ یہاں آتے ہیں، جذباتی ہو جاتے ہیں، جبکہ سارا علی خان نے «نمستے» کہہ کر حاضرین کو محبت کا پیغام دیا، مگر پس منظر میں گونجتی موسیقی کے آگے ان کی باتیں صاف سنائی نہیں دے رہی تھیں۔ اصل مزا تب آیا جب کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز نے تشہیری ویڈیو انسٹاگرام پر لگائی تو سرحدی خطاب والے مناظر خاموشی سے غائب تھے اور پس منظر کی اصل آواز کسی اور دھن سے بدل دی گئی تھی۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے یہ تبدیلی فوراً پکڑ لی۔ ایک صارف نے لکھا کہ دھرما کو موسیقی اس لیے بدلنا پڑی کیونکہ اصل آواز رکھنا ان کے لیے شرمندگی کا باعث بنتا، جبکہ چند صارفین نے اصل ویڈیو جاری کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ دوسری جانب ایک بھارتی صارف کا کہنا تھا کہ پاکستانی جانب سے بلند آواز موسیقی نے تقریب روکنے کے بجائے اسے مزید وائرل بنا دیا۔
مذکورہ فلم 23 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے اور ریلیز سے پہلے ہی تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ فلم کی کہانی ایک پاکستانی جاسوس کے گرد گھومتی ہے جو یادداشت کھو کر خود کو بھارتی افسر سمجھنے لگتا ہے، اور بھارتی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اسے پاکستان مخالف بیانیے کی فلم قرار دیا جا رہا ہے۔ نیپال کے سنسر بورڈ نے بھی بغیر وجہ بتائے اس فلم کو عوامی نمائش کا سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔



