جدہ میں حج 2027 کا معاہدہ طے، پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ مل گیا

مسجد الحرام میں خانہ کعبہ (فائل فوٹو)
جدہ: پاکستان اور سعودی عرب نے حج 2027 کے انتظامات کا معاہدہ طے کر لیا ہے۔ جدہ میں جاری چھٹی حج کانفرنس و نمائش کے موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت حج 2027 کے لیے پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ ملا ہے، جن میں سے ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں سرکاری حج اسکیم اور 71 ہزار 684 نشستیں نجی حج آپریٹرز کے لیے مختص ہیں۔
معاہدے کا مقصد پاکستانی عازمین کے سفر کو آسان، آرام دہ اور بہتر منظم بنانا ہے۔ دونوں ممالک نے سفر، رہائش اور دیگر بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے اور عازمین کو درپیش مسائل کے حل پر اتفاق کیا ہے۔ معاہدے میں روٹ ٹو مکہ منصوبہ بھی شامل ہے، جس کے تحت عازمین کی امیگریشن اور سفری کارروائی پاکستان ہی میں مکمل کی جائے گی۔
سرکاری پیکج کی قیمت اور مدت
سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً 40 روزہ معیاری پیکج کی قیمت تقریباً 12 لاکھ روپے ہوگی، جبکہ 20 سے 25 روزہ مختصر پیکج کی قیمت تقریباً 13 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج اسکیم کے تحت تقریباً 80 فیصد نشستیں بک ہو چکی ہیں اور تقریباً 15 ہزار نشستیں اب بھی دستیاب ہیں۔ نجی اسکیم کے عازمین نے اب تک 57 ارب روپے جمع کرائے ہیں، جن میں سے 30 ارب روپے ون لنک اور بینک کارڈز جبکہ 27 ارب روپے سے زائد دستی بینک چالانوں کے ذریعے ادا کیے گئے۔
قربانی کی قیمت پیکج میں شامل
وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس سال قربانی کی قیمت 55 ہزار روپے نجی حج پیکجز میں شامل ہے اور یہ تمام پیکجز پاک حج ایپ اور حج ڈیجیٹل پورٹل پر دستیاب ہیں۔ اگر کوئی عازم مزید سہولت لینا چاہے تو اس کا انتخاب اور ادائیگی بھی صرف ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ہوگی۔ دستخط کی تقریب میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، جوائنٹ سیکرٹری سید عبدالوحید شاہ اور قائم مقام ڈائریکٹر جنرل حج عارف اسلم راؤ بھی موجود تھے۔ سعودی وزیر حج نے پاکستانی وزیر کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی تصاویر اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔



