پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش شروع کر دی، ترک تحقیقی جہاز اورچ رئیس کراچی پہنچ گیا

فائل فوٹو: کراچی بندرگاہ، جہاں ترک تحقیقی جہاز اورچ رئیس لنگر انداز ہوا۔
کراچی: پاکستان اور ترکیہ نے سمندر کی تہہ میں تیل اور گیس کے ذخائر تلاش کرنے کا مشترکہ منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ ترکیہ کا جدید زلزلہ پیما تحقیقی جہاز اورچ رئیس انیس روزہ سفر کے بعد جمعرات کو کراچی بندرگاہ پہنچا، جہاں جمعے کو اس کے استقبال کی تقریب ہوئی۔
سمندر میں سروے کا منصوبہ
تقریب میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائرکتار شریک ہوئے۔ بائرکتار نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، اور سروے کے نتائج کی روشنی میں اگلے سال کھدائی شروع کرنے کا ہدف ہے۔
جہاز سندھ کی سمندری حدود میں واقع انڈس سی بلاک میں تقریباً دو ماہ کے دوران 670 مربع کلومیٹر رقبے کا تھری ڈی زلزلہ پیما ڈیٹا جمع کرے گا۔ مکران کے سمندری بلاکس میں 2 ہزار 353 کلومیٹر طویل لائنوں پر ٹو ڈی سروے بھی ہوگا۔ اعداد و شمار کی تشریح چھ ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد 2027 کی آخری سہ ماہی میں پہلی کھدائی کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اٹھارہ سال بعد سمندری تلاش کی بحالی
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے مطابق انڈس سی بلاک میں ڈیڑھ سے دو ٹریلین مکعب فٹ گیس کے ذخائر کا تخمینہ ہے۔ اس بلاک میں ترک پیٹرولیم کی ذیلی کمپنی 25 فیصد حصے کے ساتھ آپریٹر ہے، جب کہ پی پی ایل کے پاس 35، او جی ڈی سی ایل کے پاس 20 اور ماری انرجیز کے پاس 20 فیصد حصہ ہے۔
اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ انتہائی محتاط اندازے کے مطابق بھی پاکستان کے معدنیات، ہائیڈرو کاربن اور دیگر قدرتی وسائل کی مالیت آٹھ سے دس ٹریلین ڈالر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اورچ رئیس کی آمد دونوں ملکوں کی شراکت کی ایک اور مثال ہے۔
تقریب کے موقع پر معدنیات کے شعبے میں تعاون کے تین معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں بھی طے پائیں۔ ابتدائی طور پر تین سال میں تقریباً 80 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جو کھدائی کی صورت میں 750 ملین سے ایک ارب ڈالر تک بڑھ سکتی ہے۔



