سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے دس لاکھ مکانات کی تعمیر مکمل

file photograph of the 2022 floods in Sindh.
کراچی: سندھ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے دس لاکھ سے زائد مکانات کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے منگل کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اس سنگ میل کا اعلان کیا۔ تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندے اور مستفید خاندان بھی شریک تھے۔
سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز کے تحت اب تک دس لاکھ سات ہزار ایک سو گیارہ مکانات مکمل ہو چکے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا بحالی منصوبہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ صرف ایک عدد نہیں، دس لاکھ خاندانوں کو اب اپنے بچوں کے لیے چھت، تحفظ اور بہتر مستقبل کی امید ملی ہے۔
خاندانوں نے اپنے گھر خود بنائے
اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ مکانات ٹھیکیداروں سے نہیں بنوائے گئے، بلکہ متاثرہ خاندانوں نے خود اپنے گھر تعمیر کیے ہیں۔ حکومت کے مطابق ہر مکان کی جیو ٹیگنگ کی گئی اور تعمیر کے ہر مرحلے پر اس کی ڈیجیٹل نگرانی اور آزادانہ تصدیق ہوئی۔ صرف چالیس افراد پر مشتمل ٹیم نے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اس بڑے منصوبے کو سنبھالا۔
خیرپور میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 67 ہزار 739 مکانات مکمل ہوئے، اس کے بعد نوشہرو فیروز میں 90 ہزار 865، جیکب آباد میں 83 ہزار 37، دادو میں 79 ہزار 492 اور قمبر شہدادکوٹ میں 74 ہزار 898 مکانات بنے۔
مکانات خواتین کے نام پر
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے میں خواتین کو مرکز میں رکھا گیا ہے، اور مکانات ان کے نام پر رجسٹر کیے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول عورت کے نام پر مکان صرف جائیداد نہیں، تحفظ، وقار اور معاشی خودمختاری ہے۔ تقریب میں متاثرہ خاندانوں نے اپنی کہانیاں بھی سنائیں کہ کس طرح 2022 کے سیلاب میں ان کے گھر تباہ ہوئے اور اب وہ مستقل اور مضبوط گھروں میں رہ رہے ہیں۔
2022 کے سیلاب کے بعد سندھ نے 23 اضلاع میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد کے لیے 21 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اس منصوبے میں عالمی بینک نے 50 کروڑ ڈالر اور سندھ حکومت نے 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اگلے مرحلے میں تقریباً ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے 4,800 دیہات تک پینے کا صاف پانی، صفائی اور نکاسی کی سہولتیں پہنچائی جائیں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سندھ نے نیپال کے سات لاکھ مکانات کا ریکارڈ توڑ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔



