کوئٹہ کے قریب پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ، انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیر تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شہید

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب پاک فوج کے شعبہ ہوا بازی کا ایک مشاق تربیتی طیارہ پیر کے روز دوپہر کے وقت تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہو گئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ ضلع کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب پیش آیا۔
شہید پائلٹوں کی شناخت
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیر تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شامل ہیں۔ دونوں افسران کا تعلق پاکستان آرمی ایوی ایشن سے تھا اور طیارہ اپنی تربیتی پرواز پر تھا کہ پرواز کے دوران اس میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔
صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دونوں پائلٹوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تعزیتی پیغام میں کہا کہ وطن کے لیے جان دینے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں اور پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی حادثے پر افسوس ظاہر کیا۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں بھی فوجی ہوا بازی کو ایسے ہی افسوسناک حادثات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جن میں مظفرآباد کے قریب ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر اور مردان کے قریب فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوئے تھے۔



