اینٹی بائیوٹک کا غلط استعمال ہر سال 2 لاکھ سے زائد اموات کی وجہ بن رہا ہے

اینٹی بائیوٹک کیپسول۔ فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان میں اینٹی بائیوٹک دواؤں کا غلط استعمال ہر سال 2 لاکھ سے زائد افراد کی موت کی وجہ بن رہا ہے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منگل کو عالمی ہفتہ آگاہی برائے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے آغاز پر یہ انتباہ جاری کیا اور خاندانوں سمیت تمام شعبوں سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی اپیل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحمت براہ راست تقریباً 40 ہزار اموات کا سبب بنتی ہے، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد اموات اس سے وابستہ ہوتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک یہ تعداد بڑھ کر سالانہ 63 ہزار براہ راست اور 2 لاکھ 62 ہزار وابستہ اموات تک پہنچ سکتی ہے۔
دوائیں اثر کرنا چھوڑ رہی ہیں
اینٹی مائیکروبیل مزاحمت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جراثیم، وائرس اور فنگس دواؤں کے خلاف مزاحمت پیدا کر لیتے ہیں اور عام انفیکشن کا علاج بھی مشکل یا ناممکن ہو جاتا ہے۔ ماہرین اسے ایک خاموش وبا قرار دیتے ہیں جو طبی ترقی کی دہائیوں کی محنت کو ضائع کر رہی ہے۔
این آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ اس بحران کی بڑی وجوہات میں بغیر ضرورت دوا تجویز کرنا، بغیر نسخے کے اینٹی بائیوٹک کی فروخت، اسپتالوں میں انفیکشن سے بچاؤ کے ناقص انتظامات اور زراعت و مویشی پالنے میں ان دواؤں کا بے جا استعمال شامل ہیں۔
یہ اموات قابلِ روک تھام ہیں
پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر لوو ڈاپینگ نے کہا کہ یہ اموات قابلِ روک تھام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پانچ منٹ کی تقریر ختم ہونے سے پہلے دو افراد اس مزاحمت یا اس سے وابستہ وجوہات کی بنا پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اینٹی بائیوٹک صرف اس وقت استعمال کی جائے جب واقعی ضرورت ہو۔
اس موقع پر نکالی گئی آگاہی واک کا نعرہ تھا: "اگر آج ہم اینٹی بائیوٹک کا غلط استعمال کریں گے تو کل یہ ہماری حفاظت نہیں کر سکیں گی۔”



